حکومت کو گھر بھیجنے کیلئے  ہر راستہ اختیار کریں گے، حمزہ شہباز

حکومت کو گھر بھیجنے کیلئے ہر راستہ اختیار کریں گے، حمزہ شہباز

پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ ان کی پارٹی ہر وہ راستہ اختیار کرے گی جو حکومت کو گھر بھیجے۔

 

لاہورمیں اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز نے مری میں جاں بحق ہونے والے ظفر اقبال کے اہلخانہ سے تعزیت کی۔

 

اس ملاقات کےبعد میڈیا سےبات کرتے ہوئےانھوں نے کہا کہ  سانحہ مری پر پوری قوم صدمے میں ہے اور سیاست سے قطع نظر یہ انسانیت کا معاملہ ہے۔

 

انھوں نے کہا کہ مری میں سب کومعلوم ہے کہ 4 ہزار سے زائد گاڑیوں کی گنجائش نہیں ہوتی ہے اور چند گھنٹوں میں ایک لاکھ تک گاڑیوں کی تعداد پہنچ گئی۔

 

حکومت پر تنقید کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ کراچی میں مسافر طیارہ تباہ ہونے پروزیراعظم عمران خان کراچی میں گورنر ہاؤس سے واپس آگئے تھے اور حادثے میں جاں بحق ہونے والے کسی شخص کے گھر نہیں گئے تھے۔

 

انھوں نے مزید کہا کہ مسافرٹرین کے حادثے میں وزیرداخلہ کسی کے گھر نہیں گئے تھے۔

 

حمزہ شہبازکا مزید کہنا تھا کہ مری میں اس وقت کے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے بنائے ہوئے ایس او پیز موجود ہیں اورہر قسم کی اختیاطی تدابیر بتائی جاچکی تھیں۔

 

انھوں نے یہ بھی بتایا کہ بطوراپوزيشن ليڈرپنجاب اسمبلی اجلاس بلوانےجارہاہوں اوراجلاس کا ایک ہی ایجنڈا ہوگا کہ سانحہ مری پرجوڈیشل انکوائری کروائی جائے۔

 

حمزہ شہباز نے کہا کہ فارن فنڈنگ رپورٹ نے عمران خان کو سرٹیفائیڈ چورقرار دیا ہے اور حکومت کو قوم کے سامنے منہ دکھانے کا موقع نہیں دیں گے۔

 

انھوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کے کرتوت فارن فنڈنگ کیس میں کھول دئیے گئے ہیں اورسب سے بڑی منی لانڈرنگ عمران نیازی نے کی ہے جبکہ دودھ کا دودھ اورپانی کا پانی ہوگیاہے۔

 

انھوں نے کہا کہ قوم کو یقین دلاتا ہوں کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) لیگ ہر وہ راستہ اختیار کرے گی جوحکومت کو گھر بھیجے۔ مری معاملے پر بھی حکومت کو پتلی گلی سے نکلنے نہیں دے گی اور ان کوحساب دینا ہوگا۔