عمران خان کی رہائشگاہ زمان پارک میں متوقع آپریشن، پولیس نفری پہنچ گئی

عمران خان کی رہائشگاہ زمان پارک میں متوقع آپریشن، پولیس نفری پہنچ گئی

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی رہائش گاہ زمان پارک لاہور میں متوقع آپریشن کے پیش ںظر کینال روڈ پر پولیس کی نفری دھرم پورہ پھاٹک کے قریب پہنچ گئی ہے۔ دھرم پورہ انڈرپاس پر ٹریفک جام کے باعث لوگوں کومشکلات کاسامنا ہے۔

 

پولیس نے دھرم پورہ کے قریب ہولڈ آپ کرلیا، ہر آنے جانے والی گاڑیوں اور نمبرز کی چیکنگ شروع کردی گئی ، پولیس کے مطابق جناح ہاؤس حملے میں زیر استعمال گاڑیوں کی تفصیلات اسپیشل برانچ نےفراہم کیں، اسپیشل برانچ کی جانب سے 300 گاڑیوں کا ڈیٹا اکٹھا کیا گیا۔

 

دوسری جانب نگراں وزیر اطلاعات پنجاب عامر میر کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی بھی غیرریاستی عنصر کا روپ دھار چکی ہے، جناح ہاؤس پر حملہ کرنیوالے زمان پارک میں چھپے ہوئے ہیں، پی ٹی آئی 24 گھنٹے میں دہشتگردوں کو پولیس کے حوالے کردے۔

 

لاہور میں میڈیا بریفنگ کے دوران عامر میر نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف غیر ریاستی جماعت کا روپ دھار چکی، چیئرمین پی ٹی آئی نے گرفتاری سے پہلے ویڈیو میں دھمکی دی تھی، عمران خان مسلسل فوج اور اس کی قیادت کیخلاف ہرزہ سرائی کررہے تھے، عمران خان نے اب اپنی دھمکیوں کو عملی شکل دیدی۔

 

ان کا کہنا ہے کہ پاکستان میں سالہا سال سے سیاسی رہنماء جیلیں کاٹتے رہے ہیں، عمران خان کی گرفتاری کو ایسے پیش کیا گیا کہ ان کیلئے کوئی قانون نہیں ہے، لوگوں کو فوجی تنصیبات پر حملے کیلئے اکسایا گیا، حکومت نے حملہ آوروں کیخلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنانے کا فیصلہ کرلیا، ملوث افراد کے خلاف قانون کے مطابق سخت ترین کارروائی کی جائے گی۔

 

عامر میر نے دعویٰ کیا کہ جناح ہاؤس اور فوجی تنصیبات پر حملہ کرنے والے 30 سے 40 افراد زمان پارک میں موجود ہیں، پی ٹی آئی سے درخواست ہے 24 گھنٹوں میں دہشتگردوں کو حکومت کے حوالے کردے، 24 گھنٹے گزرنے کے بعد قانون کی عملداری حرکت میں آئے گی، تحریک انصاف کو کو ڈیڈ لائن دی جارہی ہے اس پر عملدرآمد کریں، تفتیشی اداروں کے پاس مکمل ثبوت موجود ہیں۔