
اے این پی بنوں کے رکن آرگنائزنگ کمیٹی شیر ولی خان کے قتل کی خبر افسوسناک ہے، ایمل ولی خان
عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر ایمل ولی خان نے کہا ہے کہ اے این پی بنوں کے رکن شیر ولی خان کی ٹارگٹ کلنگ میں شہادت کی خبر افسوسنا ک ہے۔
صوبہ بھر میں لاقانونیت اور دہشتگردی کے واقعات عروج پر ہیں۔سیاسی کارکنان سمیت عام عوام کو روزانہ کی بنیاد پر نشانہ بنایا جارہا ہے۔
بنوں میں اے این پی کے رکن ضلعی آرگنائزنگ کمیٹی شیر ولی خان کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے اے این پی کے صوبائی صدر ایمل ولی خان کا کہنا تھا کہ پختونوں کا خون بہہ رہا ہے لیکن انتظامیہ اور متعلقہ ادارے خاموش ہیں۔نامعلوم افراد کا لیبل لگا کر حکومت اپنی ذمہ داری سے جان نہیں چھڑا سکتی۔
عوام کو تحفظ فراہم کرنا حکومت وقت اور ریاست کی ذمہ داری ہے۔
واقعے کی تحقیقات کرائی جائیں اور ذمہ داران کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔اے این پی دکھ کے ان لمحات میں شیر ولی خان کے اہل خانہ کے ساتھ شریک ہے۔