
یوٹیوب نے طویل ویڈیو کو ’شارٹس‘ میں بدلنے کا ٹول پیش کردیا
یوٹیوب نے ایک آپشن کا اضافہ کیا ہے جس کی بدولت آپ بہت آسانی سے طویل ویڈیو کو ایک منٹ کے شارٹ کلپ میں تبدیل کرسکتے ہیں یعنی پہلے سے اپ لوڈ شدہ ویڈیو بھی کاٹ کر اس کے ٹکڑے بنائے جاسکتے ہیں۔
کئئی ویب سائٹ نے اس کے اسکرین شاٹ بھی دکھائے ہیں جسے ’ایڈٹ انٹو شارٹس‘ کا نام دیا گیا ہے۔ اس طرح یوٹیوبر کو شارٹ بنانے میں بہت آسانی ہوگی جبکہ ہرسال ڈیڑھ ارب صارفین طویل اور شارٹ ویڈیو بناکر سائٹ پر اَپ لوڈ کررہے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ کروڑوں صارفین اس آپشن کے لیے بے تاب تھے جس کی کمی اب پوری کردی گئی ہے۔
شارٹ بنانے کے آپشن میں ایڈیٹنگ کے تمام ضروری ٹول شامل ہیں جن میں ٹیکسٹ، فلٹر اور ٹائم لائن ایڈیٹر شامل ہیں۔ دوسری جانب آپ تبدیل شدہ کلپ میں مزید ویڈیو بھی شامل کرسکیں گے تاہم اس کی گنجائش صرف 60 سیکنڈ تک ہی ہوگی۔ تبدیل شدہ ویڈیو دیکھتے ہوئے صارفین اصل اور بڑی ویڈیو پر بھی جاسکتے ہیں جس کے لیے ایک کلک کی ضرورت ہوگی۔