سوات میں دہشت گردوں کے محفوظ ٹھکانے قائم' صوبائی حکومت خاموش ہے

سوات میں دہشت گردوں کے محفوظ ٹھکانے قائم' صوبائی حکومت خاموش ہے


بونیر (نمائند ہ شہباز )عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری و پارلیمانی لیڈر سردارحسین بابک نے کہا صوبے میں حکومتی ترجمان اسٹیبلیشمنٹ کے کارندہ ہیں جو ہمارے قائدین کے خلاف نازیبا الفاظ استعمال کررہے ہیں '

 

ہم کٹھ پتلی ترجمان کے مالکان کو واضح پیغام دینا چاہتے ہیں کہ انہیں لگام  دیںورنہ ہم اس کٹھ پتلی ترجمان کے ساتھ نہیں بلکہ ان کے مالکان کے ساتھ حساب کریں گے ' 

 

انہوں نے کہا کہ اسی ترجمان نے طالبان کے ساتھ مذاکرات کئے جو آج ہمارے صوبے میں پھیل چکے ہیں ،سوات میں دہشت گردوں نے اپنے محفوظ ٹھکانے قائم کر لئے ہیں لیکن صوبائی حکومت مکمل خاموش ہے

 

 'ان خیالات کا اظہار انہوں ویلج باغ میں شمولیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا' سردار حسین بابک نے مزید کہا کہ بیرسٹر سیف یاد رکھیں پختونوں کیلئے باچا خان بابا سے لیکر ایمل ولی تک کی قربانیاں تاریخ کے اوراق میں محفوظ ہیں'

 

سردار حسین بابک نے حکومت کے ترجمان اور انکے آقائوں کو کرارا جواب دیتے ہوئے کہا کہ اسٹبلشمنٹ کے پالے ہوئے آج رہبرتحریک خان عبدالولی خان کے پوتے اور ملی مشر اسفندیارولی خان کے فرزند کو گالیاں دے رہے ہیں ' 

 

ہم واضح کرنا چاہتے ہیں کہ انہیں کنٹرول کیا جائے بصورت دیگر ہمیں قابو کرنا آتا ہے' اس موقع پر یونین کونسل غورغشتو کے ویلج باغ میں قمرعلی باچہ اپنے خاندان سمیت پاکستان مسلم لیگ سے مستعفی ہوکر عوامی نیشنل پارٹی میں شامل ہو گئے '

 

عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما محمد کریم بابک ، ناز ولی شاہ، عبدالواعظ خان، وزیر بہادر اور زمان خان نے قافلے میں شامل ہونے والے نئی ساتھیوں کو خوش آمدید کہا اور انہیں ٹوپیاں پہنائیں ۔