
ترکیہ اور شام میں زلزلے سے اموات 29 ہزار سے تجاوز کرگئیں
ترکیہ اور شام میں زلزلے سے اموات کی تعداد 29 ہزار سے تجاوز کرگئی، ایک لاکھ سے زائد افراد زخمی ہیں، 6 روز کے دوران 2 ہزار 300 سے زائد آفٹر شاکس آچکے ہیں، گرنے والی ہزاروں عمارتوں کے ملبے میں دبے افراد کو نکالنے کیلئے ریسکیو آپریشن جاری ہے، 100 گھنٹے گزرنے کے بعد بھی کئی افراد کو زندہ نکال لیا گیا، دبے ہوئے افراد کے زندہ بچنے کی امیدیں وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ کم ہوتی جارہی ہیں۔
ترکیہ اور شام میں 6 فروری کی صبح آنے والے زلزلے کے باعث تباہ ہونے والی عمارتوں میں دبے افراد کو نکالنے کا کام جاری ہے، دونوں ممالک میں اب تک 29 ہزار سے زائد افراد زندگی کی بازی ہار چکے ہیں۔
امدادی سرگرمیوں میں پاکستان سمیت دنیا کے کئی ممالک کی ریسکیو ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔
جنگ زدہ شام کے اکثرمتاثرہ علاقوں میں اب تک امداد نہ پہنچ سکی۔ لوگ مدد کوپکاررہے ہیں اور زندہ بچ جانےوالوں کوشدید سرد موسم کا سامنا ہے۔ کئی لوگوں کو ملبے سے نکال لیا گیا۔ حکومت نے منہدم ہونے والی عمارتوں کے 100سے زائدٹھیکیداروں کو گرفتارکرلیا۔