پختونخوا اسمبلی تحلیل کرنے کی سمری تیار

پختونخوا اسمبلی تحلیل کرنے کی سمری تیار

پشاور(نیوزرپورٹر)خیبر پختونخوا اسمبلی کی ممکنہ تحلیل کیلئے وزیر اعلی محمود خان کی جانب سے آج گورنر کو سمری ارسال کرنے کا امکان ظاہر کیاجارہا ہے

 

 دوسری جانب ذرائع نے دعوی کیا ہے کہ صوبائی اسمبلی کی تحلیل سے متعلق وزیر اعلی محمود خان نے ایڈوائس پر دستخط کر دیئے ، 

 

ذرائع کے مطابق گزشتہ روز وزیر اعلی محمود خان اور چیف سیکرٹری کے مابین ملاقات بھی ہوئی ہے اور بتایا جارہا ہے کہ اس میٹنگ کے دوران اسمبلی کی تحلیل کی سمری تیار کی گئی ہے اسمبلی کی تحلیل کے بعد وزیر اعلی محمود خان نگران حکومت کے قیام کیلئے اپوزیشن لیڈر اکرم خان درانی کو خط لکھیں گے

 

 ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان کو ہدایت کی ہے کہ پنجاب اسمبلی کی تحلیل کا مرحلہ مکمل ہونے کے بعد خیبر پختونخوا اسمبلی بھی تحلیل کی جائے چنانچہ آج ہفتہ کی شام پنجاب اسمبلی تحلیل ہونے کے بعد وزیر اعلی محمود خان خیبر پختونخوا اسمبلی تحلیل کرنے کیلئے گورنر کو سمری ارسال کرینگے 

 

اس سلسلے میں خیبر پختونخوا حکومت کے ترجمان بیرسٹر محمد علی سیف نے بتایا کہ پنجاب اسمبلی تحلیل ہونے اور اس ضمن میں نوٹیفکیشن جاری ہونے کے بعد ہی خیبرپختونخوا اسمبلی تحلیل کرنے کیلئے گورنر کو ایڈوائس ارسال کریں گے، آج شام تک پنجاب اسمبلی تحلیل ہوجائے گی جس کے بعدممکنہ طور پر اتوار کو خیبر پختونخوا اسمبلی تحلیل کرنے کیلئے سمری ارسال کی جائیگی،

 

 اگر سمری موصول ہونے کے بعد گورنر اس پر دستخط نہیں کرتے تب بھی 48گھنٹوں کے بعد اسمبلی خود بہ خود تحلیل ہوجائے گی

 

 تاہم گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ پنجاب اور خیبر پختونخوا اسمبلی اپنی مدت پوری کریں تاہم اگر وزیر اعلی محمود خان خیبر پختونخوا اسمبلی تحلیل کرنے کیلئے انہیں ایڈوائس ارسال کریں گے تو وہ کوئی رکاٹ ڈالنے کی بجائے اس پر دستخط کردیں گے، 

 

خیبر پختونخوا اسمبلی کی تحلیل کے بعد وزیر اعلی محمود خان نگران وزیر اعلی کے چناکیلئے اپوزیشن لیڈر اکرم درانی کو خط لکھیں گے، اگر وزیر اعلی اور اپوزیشن لیڈر کے مابین کسی ایک نام پر اتفاق نہیں ہوتا تو پھر حکومت اور اپوزیشن ارکان کی پارلیمانی کمیٹی تشکیل دی جائیگی جہاں اتفاق نہ ہونے کی صورت میں معاملہ الیکشن کمیشن کے پاس جائے گا،

 

دوسری جانب خیبرپختونخوا اسمبلی کی اپوزیشن جماعتوں نے صوبائی اسمبلی کی تحلیل کا راستہ نہ روکنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسمبلی کی تحلیل رکوانے کیلئے عدم اعتماد کی کوئی تحریک جمع نہیں کرائی جائیگی، 

 

اس سلسلے میں خیبرپختونخوا اسمبلی میں عوامی نیشنل پارٹی کے پارلیمانی لیڈر سردار حسین بابک سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ وہ انتخابات کیلئے تیار ہیں، اس لئے اسمبلی تحلیل کی راہ میں کوئی رکاوٹ پیدا نہیں کریں گے، 

 

انتشار کی سیاست کرنے والے شوق سے اسمبلی تحلیل کریں،انتخابات میں نقصان صرف عمران نیازی کا ہی ہوگا، پیپلز پارٹی کی خاتون رکن نگہت اورکزئی نے بتایا کہ اسمبلی کی تحلیل سے تحریک انصاف نامی گند صاف ہو جائیگا، 

 

مسلم لیگ ن کے ترجمان اختیار ولی نے بتایا کہ وزیر اعلی محمود خان اپوزیشن کو عدم اعتماد لانے کی منتیں بند کرکے اسمبلی تحلیل کریں،وہ انتخاب سے قبل احتساب  کے نعرے کیساتھ میدان میں اتر یں گے۔