کراچی میں کوروناکیسز کی  مثبت شرح28  فیصد سے بڑھ گئی

کراچی میں کوروناکیسز کی مثبت شرح28 فیصد سے بڑھ گئی

کراچی میں کرونا مثبت کیسز میں ہوشربا اضافے کے بعد شرح 29 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔

 

محکمہ صحت سندھ کے مطابق کراچی میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس سے 2 مریض انتقال کرگئے ہیں، جب کہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا کی تشخیص کے لیے 7226 ٹیسٹ کیے گئے۔

 

حکام محکمہ صحت سندھ کے مطابق 24 گھنٹوں کے دوران صوبے میں 2289 اور کراچی میں کرونا کے 2081 نئے کیسز رپورٹ ہوئے اور مثبت کیسز کی شرح 28.8 فیصد رہی۔

 

دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کراچی میں کرونا کے بڑھتے کیسز پر لاک ڈاؤن سے متعلق کوئی بھی اقدام این سی او سی کی ہدایت سے مشروط کردیا۔

 

انہوں نے کہا کہ کرونا کیسز میں اضافے کے باوجود اسپتالوں میں دباؤ میں اضافہ نہیں ہوا اور وینٹی لیٹر پر مریضوں کی تعداد بھی کم ہے۔

 

مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ شہر میں لاک ڈاؤن سے متعلق فیصلہ این سی او سی کی ہدایات پرکیا جائے گا اور تعلیمی اداروں پر پابندیوں سے متعلق ہماری نظریں این سی او سی پر ہیں۔

 

خیال رہے کہ ملک میں کرونا کی پانچویں لہر جاری ہے اور مثبت کیسز کی شرح میں ایک بار پھر اضافہ ہونے لگا ہے۔

 

لاہور میں کرونا کی شرح 9.63 فیصد تک اور اسلام آباد میں شرح 5.53 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔