وزیراعظم کا بشام کیلئے میڈیکل کالج اور گرانٹ کا اعلان کردیا

وزیراعظم کا بشام کیلئے میڈیکل کالج اور گرانٹ کا اعلان کردیا

بشام۔۔۔ وزیراعظم شہباز شریف نے شانگلہ کے علاقے بشام میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے میڈیکل کالج بنانے جبکہ بشام کیلئے 2 ارب روپے کی گرانٹ کا اعلان کردیا۔

 

انہوں نے ملک میں آٹے کی بڑھتی ہوئی قیمت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آٹے کی جتنی قیمت آئندہ 2 دنوں میں پنجاب میں ہوگی اتنی ہی خیبرپختونخوا میں بھی ہوگی، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سے یہ درخواست کروں گا کہ صوبے میں عوام کو اتنی ہی قیمت میں آٹا مہیا کریں جتنی پنجاب میں ہے، اگر ایسا نہیں کرتے تو میں اپنے کپڑے بیچوں گا اور عوام کو آٹا مہیا کروں گا۔

 

وہ سابق حکمرانوں پر برس پڑے، کہا 4 سال صرف عوام کو دھوکا دیا گیا، ان کے پلے کچھ نہیں اس لئے یہ دوسروں پر الزامات لگارہے ہیں، تحریک انصاف خزانہ خالی کرکے گئی ملک قرضوں میں جکڑا ہوا ہے، کب تک کشکول لیکر گھومتے رہیں گے، بھیک سے زندگی نہیں موت ملتی ہے، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے مدد و تعاون کا اعادہ کیا ہے۔

 

وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ ایک طرف غداری کے سرٹیفکیٹ بانٹے جارہے ہیں، نااہل حکومت کی وجہ سے گیس اور تیل نہ آسکا، بدترین لوڈ شیڈنگ بھی کی، یہ معیشت کا بھٹہ بٹھا کر گئے۔