گورنر خیبرپختونخوا نے صوبے میں الیکشن کیلئے 28 مئی کی تاریخ دے دی

گورنر خیبرپختونخوا نے صوبے میں الیکشن کیلئے 28 مئی کی تاریخ دے دی

گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے صوبے میں الیکشن کے لیے تاریخ دے دی۔

 

 

گورنر حاجی غلام علی نے الیکشن کمیشن کو دونوں مشاورتی اجلاسوں میں صوبہ کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال سے متعلق اپنے تحفظات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ صوبہ میں امن و امان کے حالات سازگار نہیں ہیں،

 

سانحہ پشاور پولیس لائینز کے علاوہ آئے روز پولیس اہلکاروں پر مختلف اضلاع میں دہشتگردانہ حملے ہو ر ہے ہیں، ایسے حالات میں امیدواروں کیلئے انتخابی مہم چلانا ممکن نہیں ہو گا،

 

گورنر نے بتایا کہ ہمیں انتخابی امیدواروں، انتخابات پر ڈیوٹی دینے والا عملہ اور ووٹرز کو تحفظ فراہم کرنا ہو گا، یہ وہ زمینی حقائق ہیں جس کی وجہ سے الیکشن میں مشکلات پیش آئیں گی۔

 

گورنر کا کہنا تھا کہ انہوں نے سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق الیکشن کمیشن کے ساتھ دو دفعہ مشاورت کا عمل مکمل کیا جس کا واحد مقصد الیکشن کمیشن کے سامنے صوبہ کی مجموعی صورتحال سامنے رکھنا تھا،

 

انہوں نے کہا کہ الیکشن کرانا الیکشن کمیشن کا کام ہے اور میں نے مشارتی عمل مکمل کرکے عام انتخابات کی تاریخ دیکر اپنی آئینی ذمہ داری پوری کر لی ہے۔

 

واضح رہے کہ پنجاب میں الیکشن کے لیے 30 اپریل کی تاریخ دی گئی ہے۔