پہلا سیمی فائنل: انگلینڈ کا نیوزی لینڈ کو فتح کے لیے 167رنز کا ہدف

پہلا سیمی فائنل: انگلینڈ کا نیوزی لینڈ کو فتح کے لیے 167رنز کا ہدف

ٹی20 ورلڈ کپ کے پہلے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ نے انگلینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا ہے اور انگلینڈ کی بیٹنگ جاری ہے۔

ابوطبی میں کھیلے جا رہے میچ میں نیوزی لینڈ نے انگلینڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

انگلینڈ کے اوپنرز جوز بٹلر اور جونی بیئراسٹو نے پراعتماد انداز میں اننگز کا آغاز کیا اور ابتدائی چار اوورز میں نیوزی لینڈ کو وکٹ سے محروم رکھا ہے۔

دونوں اوپنرز نے ٹیم کو 37رنز کا آغاز فراہم کیا لیکن پاور پلے کے آخری اوور میں کین ولیمسن کے شاندار کیچ نے بیئراسٹو کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔

جوز بٹلر نے ڈیوڈ ملان کے ساتھ مل کر ٹیم کی نصف سنچری مکمل کرائی لیکن اسی اسکور پر اش سودھی کی گیند پر بٹلر ایل بی ڈبلیو قرار پائے۔

دو وکٹیں گرنے کے بعد ملان کا ساتھ دینے معین علی آئے اور دونوں نے ذمے دارانہ کھیل پیش کرتے ہوئے ٹیم کی سنچری مکمل کرائی۔

دونوں کھلاڑیوں نے تیسری وکٹ کے لیے 63 رنز کی شراکت قائم کی لیکن ٹم ساؤدھی کو چھکا مارنے کے بعد اگلی گیند پر دوبارہ اسی کوشش میں ملان 41 رنز بنانے کے بعد وکٹ کیپر کو کیچ دے بیٹھے۔

لیام لیونگسٹن کو اختتامی اوورز میں جارحانہ بیٹنگ کے لیے میدان میں بھیجا گیا جنہوں نے 10 گیندوں پر 17 رنز بنانے کے ساتھ ساتھ معین کے ساتھ 40رنز کی شراکت بھی قائم کیم لیونگسٹن اننگز کے آخری اوور میں آؤٹ ہوئے

انگلینڈ نے مقررہ اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 166 رنز بنائے ہیں معین علی نے دو چھکوں اور تین چوکوں کی مدد سے 51رنز کی اننگز کھیلی۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹم ساؤدھی، ایڈم ملنے ، اش سودھی اور جیمز نیشام نے ایک، ایک وکٹ لی۔

میچ کے لیے انگلینڈ کی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے اور انجری کا شکار جیسن روئے کی جگہ سیم بلنگز کو ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔

جیسن روئے انجری کے سبب بقیہ ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئے ہیں جبکہ نیوزی لینڈ نے اپنی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی۔

سپر 12 راؤنڈ میں دونوں ٹیموں نے چار، چار میچوں میں فتح حاصل کی تھی لیکن بہتر اوسط کی بدولت انگلینڈ نے گروپ 1 میں پہلی پوزیشن حاصل کی تھی۔

میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہیں۔

نیوزی لینڈ: کین ولیمسن(کپتان)، مارٹن گپٹل، ڈیرل مچل، ڈیون کونوے، گلین فلپس، جیمز نیشام، مچل سینٹنر، ٹم ساؤدھی، ٹرینٹ بولٹ، اش سودھی، ایڈم ملنے

انگلینڈ: اوئن مورگن(کپتان)، جوز بٹلر، جونی بیئراسٹو، سیم بلنگز، معین علی، ڈیوڈ ملان، لیام لیونگسٹن، کرس جورڈن، کرس ووکس، عادل رشید ، مارک وُڈ